Latest Posts

صرف پانچ سیکنڈز


یوٹیوب نے مجھے خوش رہنے کا ایک سادہ سا فارمولا سکھایا ہے۔ سوچا آپ کے ساتھ بھی شئیر کر دوں۔

جب ہم یوٹیوب پر کوئی بہت ہی دلچسپ اور معلوماتی وڈیو دیکھ رہے ہوتے ہیں تو اچانک ایک ایڈ آ جاتا ہے۔ ہم صرف پانچ سیکنڈز تک انتظار کرتے ہیں۔ جونہی skip ad والا بٹن آتا ہے، ہم اس پر کلک کرتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں۔ بعض اوقات تو ہمیں اس ایڈ کو سکپ کرنے کی اتنی جلدی ہوتی ہے کہ یہ بھی پتہ نہیں چلتا کہ وہ ایڈ کس چیز کا تھا۔ یعنی ہمارا سارا فوکس اور توجہ اس وڈیو کی طرف ہی ہوتی ہے جسے ہم دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

یہ بڑی زبردست بات ہے۔ ہمارے ساتھ رئیل لائف میں بھی ایسے ہی ہوتا ہے۔ ہماری زندگی کی کہانی بھی کچھ ایسے ہی چلتی ہے، بہت مزہ آ رہا ہوتا ہے، سب کچھ ٹھیک ٹھاک چل رہا ہوتا ہے۔ اسی دوران کچھ لوگ ads کی صورت میں ہمارے دل و دماغ میں دخل اندازی شروع کر دیتے ہیں۔ زندگی جیسے رک سی جاتی ہے۔ سارا موشن ٹوٹ جاتا ہے۔ ہمارا فوکس خراب ہو جاتا ہے۔ ہم اپنے مقصد سے ہٹ جاتے ہیں۔ اصل وڈیو کو چھوڑ کر اس ایڈ کو دیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔ ان کی باتوں کو کچھ زیادہ ہی سیریس لے جاتے ہیں۔ حالانکہ یہ لوگ اپنی بے مقصد گفتگو اور لایعنی خیالات کی وجہ سے صرف اور صرف ہماری توانائی اور وقت برباد کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ خود تو عملی طور پر صفر بٹا صفر ہوتے ہیں اور دوسروں کو بھی آگے بڑھنے سے روکتے ہیں۔ اس لئے روڑے اٹکاتے ہیں۔ بار بار ads کی طرح interrupt کرتے ہیں۔

لیکن پانچ سیکنڈز، صرف پانچ سیکنڈز کے بعد skip ad والا بٹن آپ کے سامنے ہوتا ہے۔ آپ بس یہ کیجئے کہ یوٹیوب کی طرح اپنی زندگی میں بھی اس بٹن کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیجئے۔ جونہی کوئی شخص آپ پر یا آپ کے مقصد پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے تو فوراً اس بٹن پر کلک مارئیے۔ ایسے لوگوں کو اپنے راستے سے ہٹائیے۔ انہیں اپنے دل و دماغ سے خارج کیجئے، اپنے مقصد پر فوکس کیجئے اور وقت ضائع کرنے والی ہر چیز چاہے وہ کوئی ایڈ ہو یا کوئی انسان، اسے پانچ سیکنڈز سے زیادہ نہ دیجئے۔ یقین مانئے یہ خوشی کے ساتھ ساتھ کامیابی کا بھی راز ہے۔

(شعیب اصغر)