Latest Posts

بدہضمی اور اپھارے کا علاج

ہمارے عجیب و غریب معاشرتی رویوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ جب ہمیں زندگی میں اپنے ظرف یا توقع سے بڑھ کر کچھ مل جاتا ہے تو ہم فوراً بدہضمی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

دو چار کتابیں پڑھ لینے کے بعد پوری دنیا جاہل اور گنوار لگنے لگتی ہے۔

کہیں سے آٹھ دس لاکھ ہاتھ آ جائیں تو باڈی لینگویج کروڑ پتیوں والی ہو جاتی ہے۔

پانچویں سکیل کے اختیارات مل جائیں تو ہمارے رویے بیسویں سکیل کے افسروں کو بھی پیچھے چھوڑنے لگتے ہیں۔

جس نے کبھی زندگی میں عید کی نماز بھی نہ پڑھی ہو، لیکن اگر کبھی مسجد چلا جائے تو واپسی پر راستے میں ملنے والا ہر شخص کافر اور جہنمی لگنے لگتا ہے۔

پندرہ گیندیں ضائع کرنے والے بیٹسمین سے اگر خدانخواستہ سولہویں گیند پہ چھکا لگ جائے تو وہ دوسرے اینڈ پہ کھڑے کھلاڑی کو سمجھانے پہنچ جاتا ہے کہ بیٹنگ کیسے کرتے ہیں۔

یعنی بدہضمی اور اپھارا ہمارے قومی امراض میں شامل ہے۔ لیکن آپ پریشان نہ ہوں۔ خوش قسمتی سے اس کا علاج موجود ہے۔

صبح سویرے نہار منہ دو گولیاں حیرت و استعجاب کی کھائیے اور اپنے بچوں کو بھی حیران ہونا سکھائیے۔

دوپہر کے کھانے کے بعد تین چمچ معصومیت کا سیرپ خود بھی پیجئے اور اپنے گھر والوں کو بھی پلائیے۔

اور رات کو نیم گرم دودھ کے ساتھ دو کیپسول لاعلمی کے لیجئے۔ یہ تسلیم کیجئے کہ آپ عقل کل نہیں ہیں۔

جن تجربات سے دوسرے لوگ گزرے ہیں ان سے آپ نہیں گزرے۔ اس لئے آپ ان سے مختلف ہیں اور وہ آپ سے۔

اپنے تجربات دوسروں پر مسلط مت کیجئے۔ دوسروں سے منفرد ہونے کا احساس ایک خوبصورت چیز ہے لیکن اس احساس کو خودپسندی اور تکبر کے کیڑے سے بچائیے۔ اور مذکورہ بالا دوا کا باقاعدگی سے استعمال کیجئے۔ انشاء اللّٰہ افاقہ ہو گا۔

شکریہ

(شعیب اصغر)